تہران (ڈیلی اردو) ایران نے اپنے ہی جنگی بیڑے (نیوی جہاز) کو میزائل سے نشانہ بنا لیا، بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سینئر افسران سمیت 26 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد لاپتہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ معمول کی جنگی مشقوں کے دوران پیش آیا جب ایرانی بیڑے نے اپنے ہی دوسرے جنگی بیڑے کو نشانہ بنا ڈالا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق مشقوں کے دوران میزائل کا نشانہ بننے والا ایران کا اپنا بحری جہاز ‘کونارک’ تھا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے بحریہ کے ذرائع کے حوالے سے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حادثہ قرار دیا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو تہران سے 790 میل کے فاصلے پر واقع ‘جاسک’ بندرگاہ کے قریب تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔ حادثے میں بحریہ کے 19 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ‘ارنا’ کے مطابق مقامی ہسپتال میں ایرانی بحریہ کے 12 اہلکاروں کو داخل کیا گیا ہے جب کہ دیگر تین اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے بیشتر ایران نے اپنے اعلیٰ عہدیدار کی عراق میں ہلاکت کے بعد امریکی کشیدگی کے نتیجے میں غلطی سے یوکرینی مسافر بردار طیارے کو بھی نشانہ بنایا تھا جسکے نتیجے میں 175 سے زائد مسافر و جہاز کا عملہ ہلاک ہوگئے تھے۔