اسرائیل میں چینی سفیر کی پراسرار موت

یروشلم (ڈیلی اردو) اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے لیے چینی سفیر ڈو وی دارالحکومت تل ابیب میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

اسرائیل میڈیا کے مطابق 58 سالہ ڈو اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

ڈو وی کو فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ یوکرین میں چین کے سفارت کار کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

چینی سفیر شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی تھا تاہم یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی فیملی ان کے ساتھ اسرائیل میں مقیم نہیں تھی۔ وہ دارالحکومت تل ابیب کے مضافاتی علاقے ہرزلیا میں مقیم تھے۔

واضح رہے کہ چینی سفیر نے ابھی دو روز قبل ہی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ایک بیان کی شدید مذمت کی تھی۔ مائیک پومپیو نے یہ بیان اپنے حالیہ دورہ اسرائیل کے دوران دیا تھا۔

اس بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل میں چین کی طرف سے کی جانے والی بھاری سرمایہ کاری کی مذمت کی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے بیجنگ حکومت پر یہ الزام بھی لگایا تھا کہ وہ چینی شہر وُوہان سے پھوٹ کر ایک عالمی وبا بن جانے والی کورونا وائرس کے باعث لگنے والی بیماری کووِڈ انیس کے بارے میں معلومات چھپانے کی مرتکب ہو رہی تھی۔

اسرائیل کے چینل 12 ٹی وی نے ہنگامی طبی خدمات کے شعبے کے اہلکاروں کا نام لیے بغیر حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی آثار یہی ظاہر کرتے ہیں کہ چینی سفیر دُو وے کی موت دوران نیند قدرتی وجوہات کے باعث ہوئی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں