لاہور (اے ڈی شہزاد) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پتنگ بازی سے ہلاکت پر متعلقہ ڈی پی او اور ڈی سی او ذمہ دار ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ ہمارا فریضہ ہے، پتنگ بازی سے کوئی ہلاکت ہوئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ ڈی پی او اور ڈی سی او ہو گا جبکہ اس کا مقدمہ متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف درج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل پر پابندی کے باوجود عوام باز آنے سے گریزاں ہیں جس کی واضح مثال فیصل آباد میں دیکھنے کو ملی جہاں گزشتہ اتوار کے روز بسنت کا سماں تھا اور آسمان پر رنگی برنگی پتنگیں نظر آئیں جبکہ پولیس پتنگ بازی روکنے میں بری طرح ناکام رہی۔
اسی طرح لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی کھلے عام پتنگ بازی کی گئی جس کے باعث شہریوں میں بھی تشویش پائی گئی اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ بازوں کیخلاف فوری کریک ڈاﺅن کر کے اس خونی کھیل کو روکا جائے۔