کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں سیکیورٹی فورسز اور فضائی حملے میں 35 طالبان مارے گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان صوبوں پکتیکا اور پکتیا میں افغان فورسز نے طالبان پر فضائی حملہ کیا۔ جس میں طالبان کے 35 دہشت گرد مارے گئے اور 21 زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے افغان فورسز کو احکامات دیے تھے کہ وہ اپنا دفاع کرنے کے بجائے جارحانہ کارروائیاں تیز کردیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے یہ احکامات ان کارروائیوں کے بعد دیے جن میں دو درجن سے زائد افراد دہشت گرد حملوں میں ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ننگرہار سے حکومتی ترجمان آیت اللہ خوگانی نے ہونے والے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں دو درجن شہری ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد کی حالت تشویشناک بھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ننگرہار میں خودکش حملہ کیا گیا تھا۔
افغانستان میں پیش آنے والے دوسرے واقعہ میں ایک سرکاری ہسپتال پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو نوزائیدہ بچوں سمیت گیارہ مائیں اور متعدد نرسیں ہلاک ہوئیں۔
افغان میڈیا کے مطابق حکام کا دعویٰ ہے کہ اس ہسپتال میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔