بھارت نے ہمیشہ افغانستان میں غداروں کی مدد اور حمایت کی: طالبان رہنما عباس ستنکزئی

کابل (ڈیلی اردو) افغان امریکہ امن مذاکرات کے سربراہ شیر محمد عباس ستنکزئی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے اور اس نے ہمیشہ غداروں کی مدد کی۔

افغان امریکہ امن مذاکرات کے سربراہ شیر محمد عباس ستنکزئی نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے کیوں کہ بھارت نے ہمیشہ افغانستان میں غداروں کی مدد اور حمایت کی ہے تاہم بھارت اگر افغانستان میں مثبت کردار ادا کرے تو افغان طالبان کو ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ شیر عباس ستنکزئی نے کہا کہ اگر بھارت نئے افغانستان کی تعمیر کے لیے امن مذاکرات میں مثبت کردار ادا کرنا شروع کردے تو طالبان بھی مذاکرات کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت گزشتہ 40 سال سے افغانستان میں موجود ہے جہاں وہ افغانیوں کے بجائے ایک کرپٹ گروپ کے ساتھ سیاسی، عسکری اور معاشی تعلقات قائم کیے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان امن عمل کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اس سلسلے میں بھارتی قیادت سے ملاقات کی ہے اور امریکہ نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ بھارت بھی افغان امن عمل کا حصہ بنے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں