پاکستان کا افغانستان کی سیاسی قیادت کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان نے افغانستان کی سیاسی قیادت کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان سیاسی قیادت کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ کابل میں آج قومی مصالحت اور مخلوط حکومت سے متعلق معاہدہ خوش آئند ہے۔ اس اہم موڑ پر ضروری ہے کہ تمام افغان لیڈر افغان تنازع کے حل اور پائیدار امن کیلئے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان دہائیوں سے تشدد اور تنازع کی زد میں ہے۔ کوویڈ 19 کی صورت میں حالیہ چیلنج سے نمٹنے میں بھی یہ اقدام مددگار ہوگا۔ امریکہ طالبان امن معاہدے نے افغان مفاہمت میں تاریخ رقم کی ہے۔ ضروری ہے کہ جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کیے جائیں۔ انٹرا افغان مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن ممکن ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ تمام افغان دھڑوں کو اپنے معاہدوں کا پاس رکھنا چاہیے۔ افغان دھڑوں کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا۔ افغانستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ پاکستان پُرامن مستحکم اور جمہوری افغانستان کا حامی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں