افغانستان کے صوبے غزنی میں انٹیلی جنس ایجنسی (این ڈی ایس) کے دفتر پر طالبان کے خودکش کار بم حملے میں 9 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کار بم دھماکا افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کی عمارت کے قریب صبح ساڑھے چار بجے پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غزنی صوبائی کونسل چیف نے میڈیا کو بتایا کہ غزنی صوبے میں آج ایک خود کش دھماکا کیا گیا جس میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق آج صبح 5 بجے انٹیلی جنس ایجنسی کے اسپیشل یونٹ دفتر پر خودکش دھماکے میں بارود سے بھری گاڑی کا استعمال کیا گیا تھا، افغان حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
صوبائی کونسل چیف نصیر احمد فقیری کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق سیکیورٹی فورسز سے ہے، صوبائی اسپتال کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کے بعد 5 لاشیں اور 25 زخمی ہسپتال میں منتقل کیے گئے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان افغانستان نے این ڈی ایس کے دفتر پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ غزنی میں دشمن کے مشترکہ اڈے اور فوجی بیرکوں پر فدائی حملہ کیا گیا جس میں درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
#الفتح:
تیره ورځ د غزني ولایت مرکز اړوند کج کلا سیمه د مزدور دښمن د عملیاتي قطار په ټانګ چاودنه وشوه.
په پیښه کې ټانګ ویجاړ، سپاره ۵ تنه عسکر مړه او ټپيان شول.— Zabihullah (..ذبـــــیح الله م ) (@Zabehulah_M33) May 18, 2020
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ غزنی میں مشترکہ فوجی اڈے پر حملہ زید قندھاری نامی مجاہد نے ایک کار کی مدد سے کیا، حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کے ساتھ بڑی تعداد میں ٹینک، گاڑیاں اور دیگر فوجی سامان تباہ ہوا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں میٹرنٹی ہوم اور صوبہ ننگر ہار میں جنازے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
گزشتہ روز بھی افغان صوبے پکتیکا میں فورسز اور طالبان کے درمیان ایک جھڑپ میں 35 طالبان ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے تھے، افغان محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ طالبان فضائی کارروائی میں مارے گئے۔
جمعرات کو بھی افغان صوبے پکتیا کے شہر گردیز میں کار بم دھماکا ہو اتھا جس میں 5 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تھے، یہ حملہ گردیز شہر کی فوجی عدالت کے باہر ہوا۔