بغداد (ڈیلی اردو) عراقی کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں نے ملک کے مغربی علاقوں میں آپریشن کلین اپ کے پہلے دن دہشت گرد گروہ داعش کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔
بغداد میں دفاعی اور عسکری ذرایع نے بتایا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں نے اسود الجزیرہ کے نام سے شروع کیے جانے والے آپریشن کلین اپ کے پہلے دن صوبہ صلاح الدین کے مغرب میں واقع وسیع صحرائی علاقے کو پاک اور داعش کے درجنوں خفیہ ٹھکانوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے آپریشن کلین اپ کے دوران داعش کے اسلحہ کے گوداموں پر بھی قبضہ کرلیا جہاں سے بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
عراق کی مسلح افواج کی مشترکہ کمان نے بھی اپنے ایک بیان میں آپریشن کلین آپ کے آغاز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے اسود الجزیرہ آپریشن کا مقصد ملک کے تین صوبوں، الانبار، صلاح الدین اور نینوا کے سنگم پر واقع الجزیرہ نامی وسیع صحرائی علاقے کو داعش کے بچے عناصر کے وجود سے پاک کرنا ہے۔