تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں

گوجرانوالہ (ڈیلی اردو) پاکستان تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کر گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جان کہ بازی ہار گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے اس کی تصدیق کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ شاہین رضا کی 4 روز قبل طبیعت ناساز ہوئی۔ حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، جس کے بعد انہیں میو اسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ منتقل کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کے باعث پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شاہین رضا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا پارٹی کا قابل قدر اثاثہ تھیں اور مرحومہ کی پارٹی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی اللہ تعالی مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں، اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ملک میں کورونا کا شکار کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔

آج پاکستان میں کورونا سے مزید 23 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1009 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 47176 تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 49 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 3 لاکھ 24 ہزار 970 افراد ہلاک جب کہ 19 لاکھ 60 ہزار 500 سے زائد لوگ صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں