تہران (ڈیلی اردو) ایران میں پاسداران انقلاب ملیشیا نے منگل کے روز اعلان کیا کہ اس نے مغربی صوبے کردستان میں ایک جھڑپ کے دوران 2 مسلح کردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کرد مسلح گروپ کے ساتھ یہ جھڑپ مریوان میں ہوئی۔ تاہم بیان میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ مذکورہ مسلح عناصر کا تعلق کس تنظیم سے تھا۔
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل مغربی ایران میں دیواندرہ میں نامعلوم مسلح جماعت کے ساتھ جھڑپ میں ایرانی پاسداران انقلاب کی فورسز کا ایک کرنل اور دو دیگر افسران مارے گئے تھے۔
https://twitter.com/logrush/status/1263067260098355200?s=19
حالیہ برسوں میں ایران کے صوبوں مغربی آذربائیجان، کردستان اور کرمانشاہ میں ایرانی سیکورٹی فورسز اور ایرانی نظام کی مخالف مسلح جماعتوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ دیکھا گیا۔ ان جماعتوں میں ایرانی کرد ڈیموکریٹک پارٹی اور کرد فری لائف پارٹی شامل ہے۔
ایرانی نظام کرد مسلح جماعتوں پر علاحدگی کی دعوت، دہشت گردی اور غیر ملکیوں کے ساتھ رابطوں کا الزام عائد کرتا ہے۔
دوسری جانب یہ جماعتیں ایرانی نظام پر ایران میں کردوں کے حقوق تلف کرنے کا الزام عائد کرتی ہیں۔ ان جماعتوں کی جانب سے باور کرایا جاتا ہے کہ ان کا مقصد اپنے سلب شدہ حقوق کا دفاع ہے۔