ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کے معروف صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے اعلان کیا ہے کہ جس نے بھی ان کے والد کو قتل کیا، وہ اسے معاف کرتے ہیں۔
جعمے کی صبح ایک ٹویٹ میں خاشقجی کے بیٹے صلاح خاشقجی نے کہا کہ جمال خاشقجی کے بیٹوں کی حیثیت سے وہ اس ماہ رمضان کی فضیلت والی رات اللہ رب العزت کی خاطر اپنے والد کے قاتل کو معاف کرتے ہیں۔ ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ “ہم سب اللہ سے اجر کی امید رکھتے ہیں۔
سعودی سرکاری استغاثہ نے 15 نومبر 2018 کو اعلان کیا تھا کہ اس نے خاشقجی کے قتل میں ملوث 5 افراد کو موت کی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے قبل 21 افراد سے تفصیلی تحقیقات کے بعد 11 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
سرکاری استغاثہ کا کہنا تھا کہ خاشقجی کو ترکی سے لانے کے لیے سعودی انٹیلی جنس کے سابق نائب سربراہ کے حکم پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ استغاثہ نے باور کرایا کہ خاشقجی کی واپسی کے مشن کے سربراہ نے فیصلہ کیا کہ خاشقجی کو قائل کرنے میں ناکامی کی صورت میں انہیں قتل کر دیا جائے۔
سرکاری استغاثہ کے مطابق جرم کے طریقہ کار تک پہنچا گیا۔ اس حوالے سے یہ بات سامنے آئی کہ فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا اور خاشقجی کو نشہ آور مواد کی بڑی مقدار انجیشکن کے ذریعے دی گئی۔ اس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔
مزید یہ کہ خاشقجی کے قتل کے بعد ان کی لاش کے ٹکڑے کیے گئے اور پھر سعودی قونصل خانے سے باہر منتقل کیا گیا۔