کراچی (ڈیلی اردو) پاکستان ائیر لائنز (پی آئی اے) کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں عملے کے 8 افراد سمیت 107 افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کےقریب جناح گارڈن میں پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارہ لاہور سے کراچی آرہا تھا، طیارہ گرنے پر سول ایوی ایشن کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ سول ایوی ایشن، ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں طیارہ گرنے کی جگہ پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔
طیارہ گرتے ہی ہولناک آگ لگ گئی اور پورے علاقے میں دھواں ہی دھواں پھیل گیا ہے، طیارہ گرنے کے مقام پر گھروں کو نقصان پہنچا اور گاڑیوں بھی تباہ ہوگئی۔
حکام کے مطابق طیارے پر 107 افراد سوار تھے جن میں عملے کے آٹھ ارکان اور 99 مسافر شامل ہیں۔
طیارے میں سینئر صحافی اور چینل 24 کے پروگرامنگ ڈائریکٹر انصار نقوی بھی سوار تھے جب کہ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کا نام بھی طیارے کے مسافروں کی فہرست میں شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایئربس 320 خالی مقام پر گرا ہے، طیارہ 100 سے زائد مسافر موجود تھے، کپتان نے کنٹرول ٹاور کو طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کی اطلاع دی اور کپتان کو گائیڈ لائن دینے کے دوران طیارہ ریڈار سے غائب ہوا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن نامی آبادی پر گرا اور اس حادثے میں متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
طیارہ گرنے کے بعد اس میں اور اس کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ٹی وی پر دکھائی دینے والی فوٹیج میں بھی جائے حادثہ سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے حادثہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں خلل پیدا نہ ہو۔
تاحال حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور اس سے ہونے والی جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے تاہم آبادی پر گرنے کی وجہ اس حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جب کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو ریلیف، ریسکیو اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کی جب کہ وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک سے رابطے میں ہیں جو کراچی روانہ ہوچکے ہیں۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل ارشد ملک پی اے ایف کے طیارے سے کراچی روانہ ہوگئے۔ انہوں نے ناگہانی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا ایمرجنسی کال سینٹر فعال کر دیا گیا اور پی آئی اے کے آپریشنل ملازمین کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے جب کہ جیسے جیسے معلومات آئیں گی میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے کراچی میں پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کو امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی ہدایت کی۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے چار فائر ٹینڈرز اور امدادی ٹیم دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔