کورونا وائرس: پاکستان کی جانب سے امدادی سامان لے کر پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ امریکا پہنچ گیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان سے امدادی سامان لے کر پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ امریکا پہنچ گیا، امریکی سینٹ کام نے طبی آلات، دیگر امدادی سامان کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ کورونا وائرس سے بچاؤ کا امدادی سامان لے کر اینڈریو ایئر فورس بیس میری لینڈ امریکہ پہ اتر گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی سامان لے کر پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ امریکی ایئر فورس بیس پہنچا ہے۔

پاکستان سے بھیجے جانے والے طبی سامان کو امریکی فوج کے سپرد کیے جانے کے موقع پر امریکہ میں موجود پاکستانی سفیر اسد مجید خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پاک فوج کی جانب سے امریکی فوج کو کورونا وائرس سے بچاؤ کا طبی سامان تحفتاً بھیجا گیا ہے۔

پاکستان سے امدادی سامان کا خصوصی طیارہ امریکا پہنچنے پر امریکی سینٹ کام نے طبی آلات، دیگر امدادی سامان کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

امریکی سینٹ کام کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی جانب سے حفاظتی آلات کی فراہمی پر ان کے شکرگزار ہیں، امدادی سامان و آلات پہنچانے والی پاک فضائیہ کی ٹیم کے بھی مشکور ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ دفاع کورونا کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ پاک فوج کا یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دیرینہ تعاون کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج اور عوام کے مابین تاریخی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ مشترکہ طور پر لڑی ہے۔

پاکستان کے امریکہ میں سفیر اسد مجید خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کے خلاف بھی ایک ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں