اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف زرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کرپشن کو نان ایشو قرار دے دیا۔انکا کہنا تھا کہ مجھ سے زرداری کی کرپشن کا سوال نہ کریں کرپشن میرے لئیے نان ایشو ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا حالیہ الیکشن بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے بری خبر بن کر آیا۔پاکستانی سیاست کے بڑے بڑے برج اس الیکشن میں الٹ گئے اور سیاست کے منجھے ہوئے نام پہلی مرتبہ ایوان سے باہر رہ گئے۔
ایسے ہی بڑے ناموں میں سے ایک نام جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے سربراہ اور حالیہ انتخابات میں ایک مرتبہ دوبارہ منظرعام پر آنے والی متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہیں۔انہیں پاکستان تحریک انصاف کے علی امین گنڈاپور نے انتخابات میں شکست دی ۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنی شکست کو قبول نہ کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات لگائے اور بعد ازاں منعقد ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے انتخابات کو مسترد کردیا اور حلف نہ اٹھانے کی بات کی۔
تاہم اس کے بعد اتحادیوں سے مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسمبلیوں میں جاکر حلف لیا جائے اور وہاں اس معاملے کو اٹھایا جائے۔اس کے بعد بھی مولانا فضل الرحمان کے بیٹے کو قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات میں شکست ہوئی جبکہ ان کے بھائی کو بھی افغان کمشنر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوا۔تاحال مولانا فضل الرحمان کے برے دن ختم ہونے پر نہیں آئے گزشتہ اتوار کو وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے پہلے دن سے ہی حکومت کے خلاف نواز زرداری اتحاد کی کوششیں شروع کر دی تھیں جس میں تاحال مولانا فضل الرحمان کامیاب نہیں ہو سکے ۔تاہم انہوں نے اپنے تازہ ترین انٹرویو میں کرپشن اور ملک لوٹنے کو نان ایشو قرار دے دیا۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ سابق صدر زرداری کو کلین آدمی سمجھتے ہیں تو انکا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ اہمیت نہیں رکھتا۔ میرے سے ایسے سوال نہ پوچھا کریں۔انکا کہنا تھا کہ کرپشن میرے لئیے نان ایشو ہے۔آپ بھی ویڈیو ملاحظہ کریں۔