اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کی جائے حادثہ سے 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا ہے کہ پی آئی اے طیارہ حادثے میں 2 مسافر محفوظ رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 25 متاثرہ مکانات کو کلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ مکانات کے رہائشی مختلف مقامات پر رہائش پزیر ہیں۔
Update #PIA Incident:
Rescue Op in progress by Army Search & Rescue Team, Army troops, Rangers & social welfare orgs. 97 bodies recovered. 2 passengers survived. 25 affected houses cleared, their residents accommodated at various places with assistance of Civil Administration.— DG ISPR (@OfficialDGISPR) May 23, 2020
ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی کے دستے، رینجرز اور سماجی بہبود کی تنظیموں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔ طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔
حادثے کے مقام کا دورہ حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریب کی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔
پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئی تھیں۔