لاہور (ڈیلی اردو) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھتانے، ہاتھ ملنے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں، بہترین تدابیر سے نقصانات کم کئے جاسکتے ہیں، مزید وقت ضائع کئے بغیر ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائی جائے۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا، ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے اور پھیلاو کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے، تفصیل بتائی جائے، ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت حکمت عملی کیا ہے، قوم کو بتایا جائے۔
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرحالات کا جائزہ لیا جائے اور تازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔