پاراچنار: پاک فوج کا حولدار رحیم حسین کورونا وائرس سے ہلاک

پاراچنار (محمد صادق) قبائلی ضلع کرم کے علاقہ شلوزان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے حولدار رحیم حسین کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔ پاراچنار ائیر پورٹ قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز اور کرورنا ایس او پیز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد کے مطابق پاک فوج کا حولدار رحیم حسین ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ سانس کی تکلیف کی وجہ سے حولدار رحیم حسین کو سی ایم ایچ پشاور میں داخل کرایا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ہلاک ہونے والے اہلکار کا نماز جنازہ پاراچنار ایئرپورٹ کے قریب ان کے آبائی قبرستان میں ادا کیا گیا جس میں فوجی افسران سمیت اہلکار کے والد اور بیٹے نے شرکت کی۔

رحیم حسین کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ پاک فوج 8 بلوچ کے کمانڈنگ افسر کرنل جاوید الیاس اعوان، کیپٹن آئین حسین کے ہمراہ اعلیٰ عسکری قیادت کے جانب سے گل دستے پیش کئے گئے۔ قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی  اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر RRF پولیس فورس کی خدمات بھی حاصل تھا اور  اور سیکیورٹی فورسز کے چاک و چوبند دستے نے ہلاک اہلکار کو سلامی پیش کی۔

رحیم حسین کے والد حاجی حامد حسین نے بتایا کہ شہید دو بیٹوں ایک بیٹی اور اہلیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں، حامد حسن کا کہنا تھا کہ ان کے دو دیگر بیٹے بھی فورسیز سے ریٹائیرڈ ہوئے ہیں رحیم بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

پاکستان میں لاک ڈاؤن کی صورتحال میں صوبوں کی طرف سے آئین کے مطابق فوج کو طلب کیا گیا تھا اور ملک بھر میں ہزاروں فوجی لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کے لیے ڈیوٹی دے رہے تھے۔

پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آ رہی ہے۔ آج 28 مئی تک ملک میں وائرس پازیٹو کیسز کی تعداد 61 ہزار 227 سے بڑھ چکی تھی اور ہلاکتیں 1260 تک پہنچ گئی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں