اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں موٹر سائیکل پر نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق 30 مئی کو یہ دھماکہ سب ڈویژن رزمک میں واقع گردائیی روڈ پر ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص شدید زخمی اور موٹر سائیکل تباہ ہوگئی۔
مقامی صحافی صفدر ڈاور نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ موٹر سایئکل سوار علاقہ گردائیی تحصیل دوسلی سے اپنے گاؤں جارہا تھا کہ اس دوران موٹرسائکل میں پہلے سے نصب شدہ بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
اس دھماکے میں زخمی ہونے والے شخص کو میر علی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کے مطابق بم مقامی شخص کی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔