لاہور میں 6 لاکھ 70 ہزار 8 سو افراد کورونا وائرس کے شکار

لاہور (ڈیلی اردو) لاہوریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ محکمہ صحت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو سنگین صورتحال سے آگاہ کردیا جس کے مطابق لاہور کا کوئی بھی کونا (علاقہ) کورونا وائرس سے محفوظ نہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے لاہوریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ محکمہ صحت کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو 15 مئی کو بھیجے گئے مراسلے میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا جس کے مطابق  لاہور میں کورونا وائرس خطرناک حد تک پھیل گیا ہے۔ کوئی بھی رہائشی علاقہ اور قصبہ وباء سے محفوظ نہیں ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا کہ ہاٹ اسپاٹ، رہائشی اور کام کی جگہوں سے شہریوں کے سیمپل لیے گئے۔ عمومی طور پر لیے گئے سیمپلز میں 5.18 اور اسمارٹ سیمپلنگ میں 6.1 فیصد ٹیسٹ مثبت آئے۔

سمری میں انکشاف کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں لاہور میں کورونا وائرس کے کیسز 6 لاکھ 70 ہزار 8 سو تک جاسکتے ہیں۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ سفارشات سے پہلے باقاعدہ ٹیسٹ کرنے کی پوری مشق کی گئی۔ پچھلے دنوں میں مرض کی شدت بڑھنے کے بعد نئے مریضوں کا اندازہ لگانا مشکل تھا۔

سمری میں لاہور میں چار ہفتوں کے مکمل لاک ڈاون کی سفارش کرنے کے ساتھ کہا گیا کہ  50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو قرنطینہ یا علیحدہ رکھا جائے اور لوگوں کا گھروں میں رہنا لازمی قرار دیا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں