پشاور: سکھ کمیونٹی کا پہلا ڈاکٹر کورونا وائرس کے باعث ہلاک

پشاور (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سکھ کمیونٹی کا پہلا ڈاکٹر کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔ اس طرح مہلک وائرس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں 20 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 9 اراکین لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقہ جات میں کورونا وائرس سے پانچ ڈاکٹرز اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

پنجاب کے 7 ڈاکٹرز، بلوچستان کے 4، سندھ کے 3، اور گلگت کا ایک ڈاکٹر کورونا کے شکار ہو گئے ہیں۔ سکھ کمیونٹی کے پہلے ڈاکٹر اور نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سابق میڈیکل افیسر ڈاکٹر پھاگ چند کو چند روز قبل نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جبکہ ان کے بیٹے کو بھی منتقل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹر پھاگ چند گزشتہ روز زندگی کی بازی ہار گیا انکے بیٹے ڈاکٹر جتن کو بھی کورونا ہوا تھا لیکن وہ صحت یاب ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق ڈاکٹر پگھ چند وائرس کی تشخیص کے بعد گھر پر بھی قرنطین کئے گئے تھے۔

ڈاکٹر پھاگ چند کا تعلق ضلع بونیر کے علاقہ پیربابا سے تھا اور نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق ان کی میت بھی اپنے آبائی علاقے منتقل کی گئی ہے جہاں ان کی آخری رسومات ایس او پیز کے مطابق ادا کی جائے گی۔

گزشتہ دنوں صوبے میں کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ 20 اموات ریکارڈ ہوئی تھی جس کے ساتھ صوبے میں مجموعی اموات 482 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کل متاثرین کی تعداد بھی 10 ہزار 485 سے تجاوز کرچکی ہے۔

آج پاکستان میں کورونا سے مزید 54 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1574 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 74347 تک پہنچ گئی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں