پاراچنار: رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

پاراچنار (نمائندہ ڈیلی اردو) رکن قومی اسمبلی منیراورکزئی کورونا وائرس سے پشاور میں انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین مندوری لوئر کرم میں ادا کی جائے گی۔

منیر اورکزئی 8 مئی کو کورونا سے صحت یاب ہوگئے تھے اور ان کا کورونا ٹیسٹ کلئیر ہوگیا تھا۔

حاجی منیر خان اورکزئی اپنے اکلوتے بیٹے اختر منیر پانچ بیٹیوں اور اہلیہ کو سوگوار چھوڑ گئے۔ عرفان اللہ اورکزئی کے مطابق منیر خان اورکزئی کا گذشتہ مہینے کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا تھا تاہم 8 مئی کو انہوں نے کورونا کو شکست دی تھی اور ان کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا تھا اور اور ممکن ہے کہ دل کا دورہ پڑنے اور بلڈ پریشر کے باعث ان کا انتقال ہوگیا ہے۔

سہ پہر تین بجے ان کے آبائی گاؤں مندوری میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں سپرد خاک کیا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے منیر اورکرزئی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیر خان اورکزئی ایک مدبر اور اعلیٰ ظرف کے حامل سیاسی رہنما تھے، ان سیاسی وسماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدرشہباز شریف، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں نے بھی منیراورکزئی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں منیر اورکزئی کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی تھی اور انہیں ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

منیر اورکزئی کو وہیل چیئرپر ایوا ن سے باہر لے جایا گیا تھا اور جہاں ضروری ٹیسٹوں کے بعد ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس سے قبل منیر خان اورکزئی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا اور انہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں