گوجرانوالہ: رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

گوجرانوالہ (ڈیلی اردو) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

رکن اسمبلی بلال تارڑ اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے ذرائع نے تصدیق کی کہ شوکت منظور چیمہ انتقال کرگئے، انہیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ زیر علاج تھے۔

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 66 سالہ رکن اسمبلی کورونا وائرس ہونے کے بعد سے پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے جہاں آج وہ جانبر نہ ہوسکے۔

سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ گزشتہ 10 روز سے پی کے ایل آئی میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ اس سے قبل بھی رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 51 گوجرانوالہ ون سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ادھر ان کے انتقال پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اظہار افسوس کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم پی اے شوکت منظور کا انتقال پارٹی کے لیے صدمے کا باعث ہے، وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شوکت منظور کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم ان کے انتقال پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں، اللہ شوکت منظور کی مغفرت فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل کرے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 82 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 17 سے زائد ہے، اس وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ سیاست دان بھی متاثر ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز بھی سندھ کے صوبائی وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے چند روز بعد انتقال کر گئے تھے۔

اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر خان اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں