لاہور (ڈیلی اردو) سروسز اسپتال لاہور کے میڈیکل اسٹور سے لاکھوں روپے کی ادویات چوری کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سروسز اسپتال لاہور میں لاکھوں روپے کی دواؤں کی چوری پکڑی گئی ہے، ایم ایس اسپتال ڈاکٹر افتخار کا کہنا تھا کہ امراض قلب اور گردوں کی دوائیں چوری کر کے فروخت کی جاتی تھیں۔
ڈاکٹر افتخار نے میڈیا کو بتایا کہ امجد اور زاہد نامی ملزمان کو دوائیاں چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، امجد نامی ملزم سات سال سے اسپتال کا ملازم ہے، ملزمان پچاس سے ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی دوائیں گاڑی میں لاد چکے تھے۔
ایم ایس سروسز اسپتال نے بتایا کہ دونوں ملزمان سرکاری اسپتال کو کروڑوں کا نقصان پہنچا چکے ہیں۔ ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے بعد پولیس کو بھی بلا لیا گیا۔