ڈیرہ اسماعیل خان (سید وجاہت حسین زیدی) پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بنوں اور لکی مروت کے سرحدی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی بنوں میں دہشتگردی کی سازش کو ناکام بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت رضوان ولد عبدالعزیز سکنہ حسن خیل اور مظہر اللہ ولد احسان اللہ سکنہ خوجڑی جانہ کے نام سے ہوئی جن کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا جو بنوں میں کینیڈین صحافی بیورلی جیسبریچت عرف خدیجہ عبدالقہار کے اغوا سمیت کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔
خدیجہ عبدالقہار کے اغوا کے علاوہ وہ پولیس کو ڈی پی او اقبال مروت اور ایس ایچ او امام حسن خان کے قتل میں بھی مطلوب تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد دیگر کئی افراد کے اغواء اور قتل میں بھی ملوث تھے۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔