واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا میں سیاہ فاموں کے مظاہروں کے دوران تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام جنرل کو سروس چیف مقرر کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ نے متفقہ طور پر سیاہ فام آفیسر جنرل چارلس براؤن کو امریکی فضائیہ کا چیف آف اسٹاف مقرر کردیا جو امریکی تاریخ میں کسی بھی ملٹری سروس کی کمان کرنے والی پہلے سیاہ فام جنرل ہیں۔
⚡️ “Gen. Brown confirmed as 22nd CSAF”https://t.co/evw9UJUJN8
— U.S. Air Force (@usairforce) June 9, 2020
امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے جنرل چارلس کی تقرری سے متعلق ووٹنگ کی صدارت کی جس میں جنرل چارلس کو 98 ووٹ ملے اور ان کی مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں آیا جسے مائیک پینس نے تاریخی لمحہ قرار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ جنرل چارلس کی متفقہ طور پر تقرری کے لیے ووٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر مظاہرے پھوٹے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنرل چارلس براؤن نے حال ہی میں پیسیفک ریجن میں امریکی فضائیہ کی سربراہی کی اور وہ ایک لڑاکا پائلٹ ہیں جنہیں لڑائی میں 130 گھنٹے سمیت 2900 گھنٹے سے زائد پرواز کا تجربہ ہے۔
جنرل چارلس براؤن نے 1984 میں کمیشن حاصل کیا اور وہ ٹیکساس ٹیکنیکل یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے اسکوارڈن لیڈر اور ونگ کمانڈر سمیت کئی ذمہ داریاں انجام دیں جب کہ فائٹر ونگز اور فائر اسکوارڈن کی بھی سربراہی کی۔
واضح رہے کہ امریکا میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد کئی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں جس کے باعث واشنگٹن میں نیشنل گارڈ تعینات کیے گئے تھے۔