بجٹ 21-2020: دفاع کیلئے 12 کھرب 90 ارب روپے مختص

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے مالی سال 21-2020 کا بجٹ پیش کردیا ہے جس میں دفاعی بجٹ کے لیے تقریباً 12 کھرب 90 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے مالی سال 21-2020 کا بجٹ پیش کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں کفایت شعاری کے اصولوں پر کاربند ہے، ہم افواج پاکستان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے حکومت کی کفایت شعاری کی کوششوں میں بھرپور تعاون کیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے دوران مالی مشکل حالات میں حکومت نے 17 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا ہے اور کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ 30 جون تک چلنے والے رواں مالی سال 20-2019 کے دوران حکومت نے دفاعی بجٹ کو گزشتہ مالی سال کے برابر ہی رکھا تھا جس کی بڑی وجہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات تھیں۔

جاری مالی سال کے دوران دفاع کے لیے بجٹ 1152 ارب روپے مختص کیے گئے تھے تاہم نظرثانی شدہ بجٹ میں دفاع کے لیے یہ اخراجات 1227 ارب روپے کردیے گئے تھے جس میں آئندہ مالی سال کے لیے مزید اضافہ کیا گیا ہے اور اس کے لیے تقریباً 1290 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مالی سال 19-2018 کے بجٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دفاع کے لیے سال 17-2018 کے مقابلے میں 19.4 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 11 کھرب (1100 ارب) روپے تجویز کیے تھے۔

اس سے قبل سال 18-2017 کے بجٹ میں 9 کھرب 20 ارب (920 ارب) روپے دفاع کے لیے رکھے گئے تھے اور 19-2018 میں اس میں ایک کھرب 80 ارب (180ارب) روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں