انڈیا نیپال سرحد پر فائرنگ، ایک بھارتی شہری ہلاک، چار زخمی

کھٹمنڈو (ڈیلی اردو) بھارتی ریاست بہار کے ضلع سیتامڑھی میں انڈیا نیپال سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ انڈیا اور نیپال کی سرحد پر ریاست بہار کے ضلع سیتامڑھی میں پیش آیا۔ مقامی حکام نے فائرنگ سے ایک شخص کے ہلاک جبکہ چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

بھارتی پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ جمعہ کی صبح ساڑھے آٹھ سے نو بجے کے درمیان انڈیا کی مقامی آبادی اور نیپال پولیس کے درمیان جھڑپ کے بعد پیش آیا۔

ادھر نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ ہماری سکیورٹی فورس نے اس وقت گولیاں چلائیں جب کچھ بھارتی شہریوں نے غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کی۔

مقامی صحافی گیانرنجن نے غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ ’نیپال پولیس کے مطابق انڈین شہریوں نے ان سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی تھی۔ باقی جو ہمیں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ان کے مطابق پانچ انڈین شہریوں کو گولی لگی تھی جن میں سے ایک ویکیش عرف وکاس نے دم توڑ دیا ہے۔‘

گیانرنجن کے مطابق یہ واقعہ نیپال کی علاقے میں پیش آیا۔ انھوں نے بتایا کہ لاک ڈاون کے دوران بھی تھوڑی بہیت کشیدگی رہی ہے لیکن کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں