اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 230 تک پہنچ گئی جبکہ 2 ہزار 632 لوگ وائرس سے انتقال کرگئے ہیں۔
سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (14 جون) کی صبح تک ملک میں وائرس کے 3 ہزار 366 نئے کیسز اور 36 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ روز ایک دن کے سب سے زیادہ 6 ہزار 682 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اموات کا اضافہ 101 تک رہا تھا۔
ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرس پورے ملک میں پھیل گیا۔
ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم جوں جوں وقت گزرتا گیا اور اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں ان کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور اب یومیہ ہزاروں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
ملک میں فروری کے آخر سے مارچ کی 31 تاریخ تک تقریباً 2 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں۔
اپریل کے مہینے میں یہ تعداد بڑھنا شروع ہوئی اور آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئی تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی اور یہ مجموعی کیسز 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی 1500 سے بڑھ گئیں۔
جون کے ابتدائی 13 روز میں صورتحال مزید تشویش ناک رہی اور اس عرصے میں 64 ہزار سے زائد نئے کیسز اور ایک ہزار سے اموات رپورٹ ہوئیں۔
آج (14 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔