غزہ (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ کے 48 ہائی کمشنر اور مختلف ممالک میں مندوبین نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے اعلان کو مسترد کردیا ہے۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اقوام متحدہ کے مبصرین اور مندوبین کے اسرائیلی اعلان کے خلاف موقف کی تحسین کرتے ہوئے ان کے بیانات کا خیر مقدم کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے یکم جولائی 2020ء سے مقبوضہ مغربی کنارے اور فلسطین کے دوسرے علاقوں پر اپنی خود مختاری کا اعلان کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے ایک بیان میں کہا کہ یو این مندوبین کا غرب اردن کے الحاق کے حوالے سے اسرائیلی حکومت کے اعلان کی مخالفت خوش آئند اور قابل تحسین ہے۔ عالمی برادری کو فلسطین پر اسرائیلی ریاست کی توسیع پسندانہ کوششوں اور امریکا کی طرف سے اسرائیلی جرائم کی پشت پناہی پر متفقہ اور جرات مندانہ آواز بلند کی جانی چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا غرب اردن پر قبضے پر اصرار اس بات کا کھلا اظہار ہے کہ صہیونی ریاست انسانی عالمی قراردادوں کو دیوار پر مارنے کی اعلانیہ پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو غرب اردن اور دوسرے فلسطینی علاقوں پراپنی خود مختاری کے قیام سے روکے۔