کراچی (طلعت عباس شاہ) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں لیاقت آباد نمبر 10 کے قریب دستی بم حملہ ہوا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق بم حملہ احساس پروگرام کے دفتر کے قریب ہوا، احساس پروگرام کے تحت رقم تقسیم کی جا رہی تھی کہ نامعلوم حملہ آور پل کے اوپر سے دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر عباسی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
احساس پروگرام کا دفتر ریاض کالج میں قائم کیا گیا تھا۔ ہلاک ہونے شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی جبکہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کر دیا۔
اس سے قبل آج صبح سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 2 رینجرز اہلکارروں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم سندھو دیش روولیشنری آرمی نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔