چین نے ایک لیفٹیننٹ کرنل، تین میجروں سمیت 10 بھارتی فوجی قیدی رہا کردیئے

نئی دہلی (ڈیلی اردو) چین نے پیر کی شب انڈیا اور چین کے درمیان ہونے والی سرحدی جھڑپ کے بعد گرفتار کیے گئے لیفٹیننٹ کرنل اور تین میجروں سمیت 10 بھارتی فوجیوں کو رہا کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے قیدیوں کی رہائی میجر جنرل سطح کے مذاکرات کے نتیجے میں دی، چار روز پہلے وادی گلوان میں سرحدی خلاف ورزی کرنے پر چینی فوج نے ایک کرنل سمیت 20 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور 80 کو زخمی کر دیا تھا۔

انڈین اخبار دی ہندو نے جمعے کو عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ رہا کیے جانے والے افراد میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور تین میجر بھی شامل ہیں۔ قیدیوں کی رہائی کے بعد بھارتی فوج نے کہا کہ اب مزید کوئی فوجی لاپتہ نہیں ہے۔

انڈین حکومت نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے فوجی لاپتہ یا چینی حراست میں تھے۔

چین نے اپنے فوجیوں میں کسی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے جبکہ انڈیا کے 76 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر اپنی حدود میں دراندازی کا الزام لگایا ہے۔

انڈین میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق یہ جھڑپ تقریباً 14 ہزار فٹ بلند پہاڑوں کی افقی ڈھلوانوں پر ہوئی جس کی وجہ سے بعض فوجی نیچے تیز بہاؤ والے دریائے گلوان میں گر گئے جس کا درجۂ حرارت صفر سے بھی کم تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں