اسلام آباد (ڈیلی اردو/آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ بے شمار انسانی اور مالی قیمت پر جیتی گئی ہے، حکومت ملک کو اس ڈگر پر واپس جانے سے روکنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی، دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کیخلاف جنگ ابھی جاری ہے اس کیلئے قومی یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی،
بھارت کشمیر پر ہٹ دھرمی سے دنیا میں تنہا ہو کر رہ گیا، پاکستان کشمیری بھائیوں کیساتھ مشکل وقت میں شانہ بشانہ کھڑا ہے، سی پیک سے متعلق منصوبوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں، بھارت، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرکے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کے مذموم عزائم رکھتا ہے، کورونا وائرس کی آڑ میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ہوا دی جاسکتی ہے اس حوالے سے پیشگی جوابی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے موقع پر ملک کی داخلی سلامتی کے حوالے سے معاملات پر کمانڈ اینڈ لیڈر شپ پروگرام 2020 کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔