اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی جانب سے امریکی صحافی سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے ایک دفعہ پھر معذرت کر لی گئی۔
اسلام آباد کی عدالت میں امریکی شہری سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے سماعت کی۔ دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے امریکی شہری سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے ایک دفعہ پھر معذرت کی گئی۔
اسلام آباد کے تھانے بنی گالہ کی پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم کا کیس بنتا ہے، ہم مقدمہ درج نہیں کر سکتے۔ پولیس کا تحریری جواب میں کہنا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی امریکی شہری ہیں جنہوں نے بذریعہ ٹوئٹ کمنٹس تحریر کیے۔
تحریری جواب میں پولیس نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے کمنٹس تحریر کیے گئے ہیں،جبکہ تھانہ بنی گالہ کا علاقہ نہیں بنتا۔بنی گالہ پولیس کا تحریری جواب میں یہ بھی کہنا ہے کہ سنتھیا رچی کے خلاف کارروائی مقصود ہے تو بذریعہ سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے سے رجوع کیا جائے۔دوسری جانب سنتھیا ڈی رچی نے اپنا وکیل تبدیل کر لیا ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنے نئے وکیل سے قانونی مشاورت بھی کی ہے۔
امریکی خاتون سنتھیا رچی نے اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت 22 جون کو ہو گی۔
واضح رہے کہ امریکی صحافی، بلاگر، سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور فلم میکر کہلانے والی امریکی شہری سنتھیارچی آج کل پاکستانی سوشل میڈیا پر تنازعات کی زد میں ہیں اور ان کے ٹویٹ اور ویڈیوز کا ہدف پیپلز پارٹی اور اُس کی اعلیٰ قیادت ہے۔
سنتھیا رچی نے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی اور سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک پر جنسی زیادتی جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی، رحمٰن ملک اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سنتھیا رچی کے اِن الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا رچی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجوایا ہے جس کے جواب میں سنتھیا رچی نے بھی یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔