اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں دو عسکریت پسند اور ایک کیپٹن سمیت دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میر علی کے علاقے شہباز خیل میں مخبروں کی اطلاع پر شدت پسندوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور مزاحمت کی گئی جس سے کیپٹن صبیح سمیت دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔