اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے متنی میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق متنی کے علاقے غازی آباد میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر ایک گھر پر چھاپا مارا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گھر پر چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ہینڈ گرینیڈ، 4 کلاشنکوف اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔