اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما مشتاق سیماب ایڈووکیٹ کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما اور سابق تحصیل نائب ناظم مشتاق سیماب ایڈووکیٹ کے حجرے پر جمعے اور جمعرات کے درمیانی شب نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایک راہ گیر بچہ زخمی ہوگیا جب کہ حجرے کے گیٹ کو جزوی نقصان جبکہ کمرے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹھوٹ گئے۔
زخمی بچے کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
سی ٹی ڈی مردان کو مشتاق سیماب نے بیان درج کرتے وقت بتایا کہ میرا کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے البتہ 15 جون کو ایک غیر ملکی نمبر سے دھمکی آمیز کال آئی تھی۔ کال کرنے والا اپنے آپ کو کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا نمائندہ ظاہر کر رہا تھا اور بھتے کا مطالبہ کررہا تھا۔
تھانہ سی ٹی ڈی مردان نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔