کوئٹہ (بیورورپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر آیت اللہ درانی کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔
فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر نوراللہ موسیٰ خیل نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
کورونا سے متاثر ہونے اور طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث ان کو پانچ روز قبل فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ وہ وینٹیلیٹر پر تھے۔ ان کی نماز جنازہ و فاتحہ خوانی ان کے آبائی علاقے پڑنگ آباد ضلع مستونگ میں ادا کی جائے گی۔
#Mastung #Senoir leader of @MediaCellPPP & Former Federal Minister Dr Ayatullah Durrani died at local hospital in #Quetta after an illness,#Balochistan @sana_Mahmoodzai pic.twitter.com/N1H4NNhRmU
— ???????? (@Info_Balochistn) July 5, 2020
سابق صدر آصف علی زرداری نے آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے نظریاتی اور وفادار کارکن تھے، آیت اللہ درانی کا انتقال پارٹی، بلوچستان کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے ایک پراثر آواز تھے، آیت اللہ درانی محترمہ بینظیر بھٹو کے سچے نظریاتی اور وفادار سپاہی تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان آیت اللہ درانی کے خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔
آیت اللہ درانی یکم جنوری 1956ء کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں پیدا ہوئے۔ اپنی ابتدائی تعلیم آبائی علاقے سے مکمل کرنے کے بعد بلوچستان یونیورسٹی سے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ 1977ء میں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صدر بھی رہے ہیں۔ گذشتہ کئی سالوں سے پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے۔ 2008ء میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لیکر این اے 268 قلات سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے اور بعدازاں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار منتخب ہوئے تھے۔