کراچی: کورنگی میں دہشت گردوں کی فائرنگ، پولیس اہلکار شدید زخمی

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی حکومت کراچی کے علاقے کورنگی میں گھر سے ڈیوٹی پر تھانے جاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق لانڈھی کا رہائشی پولیس کانسٹیبل اصغر احمد آج صبح گھر سے موٹر سائیکل پر ڈیوٹی پر پہنچنے کے لیے زمان ٹاؤن تھانے جا رہا تھا کہ کورنگی نمبر 5 میں اسٹیڈیم کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے اس پر فائرنگ کردی جس سے اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔

زخمی کانسٹیبل اصغر کو چھیپا ویلفیئر کے رضا کاروں نے فوری طور پر جناح ہسپتال پہنچایا۔

ڈاکٹرز کے مطابق کانسٹیبل اصغر کو 2 گولیاں پیٹ میں لگیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ حملے کے وقت پولیس کانسٹیبل مکمل یونیفارم میں نہیں تھا، اس نے پولیس کی پتلون اور جوتے پہنے ہوئے تھے جبکہ شرٹ سادہ تھی۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق جائے وقوعہ سے پولیس کو گولیوں کے خول ملے ہیں جب کہ اصغر پر حملہ گزشتہ ہفتے محمود آباد میں پولیس کانسٹیبل نعمان علی کی ہلاکت کے واقعہ سے مماثلت رکھتا ہے جسے تھانے اور گھر کے راستے میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ محمود آباد میں قتل کیے گئے پولیس اہلکار کا اسلحہ ملزمان ساتھ لے گئے تھے اور کورنگی میں حملے کے بعد اصغر کا پستول بھی ملزمان لے گئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں