رام اللہ (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کے ساتھ ساتھ یہودی آباد کاروں نے بھی فلسطینیوں پر حملے جاری رکھے۔
نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے مختلف اطراف سے چھاپہ مارا۔ الحشاشین اور احاطہ قبرستان میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران دو فلسطینیوں عبد ربہ حشاش عابدین اور فتحی ابو رزق کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
فوج نے جنوبی نابلس میں عسکر کیمپ میں تلاشی کے دوران ابراہیم سمیر البنا نامی ایک شہری کو حراست میں لے لیا۔
ادھر جنین شہر میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے محمد بسام بعجاوی، ادھم عمر قبھا اور دیگر کو حراست میں لے لیا۔
وسطی شہر رام اللہ کے شمالی علاقے جیبیا میں تلاشی کے دوران دو فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں آئی تاہم ان کی شناخت نہیں کی جاسکی۔
الخلیل شہر میں تلاشی کے دوران امجد محمود جابر اور مالک ہارون جابر کو حراست میں لے لیا گیا۔