بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا وائرس کے شکار

نئی دہلی (ڈیلی اردو) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد ان کے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کے بیٹے اور اداکارہ ابھیشیک بچن نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے سے ہی وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ابھیشیک بچن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ والد اور میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ہم دونوں کو ہلکی علامات ہیں اور ہسپتال میں داخل ہوچکے ہیں، بالی وڈ اسٹار کورونا کی تشخیص کے بعد ممبئی کی ناناوتی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے اہل خانہ اور دیگر اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے اور اب اُن لوگوں کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے۔ اداکار نے درخواست کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جو لوگ ممکنہ طور پر کم از کم 10 روز سے میرے ساتھ منسلک ہیں، برائے مہربانی وہ لوگ بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروالیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق امیتابھ بچن کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔ دوسری جانب بالی وڈ اسٹار کے کورونا میں مبتلا ہونے پر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے ان کی جلد صحتیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں