سمنگان میں افغان انٹیلیجنس کی عمارت پر طالبان کا حملہ، 11 اہلکار ہلاک، 4 حملہ آور مارے گئے

کابل (بیورو رپورٹ) افغانستان کے صوبہ سمنگان میں افغان انٹیلی جنس کی عمارت پر طالبان کے حملے میں 11 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 63 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں۔

افغان حکام کے مطابق طالبان حملہ آوروں نے این ڈی ایس کی عمارت کے نزدیک کار بم دھماکا کیا اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

اس دوران حملہ آوروں کا افغان سیکیورٹی اہلکاروں سے مقابلہ ہوا جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔

حملے میں 11 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 63 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں، مقابلے میں چاروں حملہ آور بھی مارے گئے۔

ادھر طالبان  کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ حملے میں 47 اہلکار ہلاک اور 72 زخمی ہوئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں