نیو یارک (ڈیلی اردو) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرنیوالے ممالک غلط سمت میں چل رہے ہیں، اگر رکن ممالک فیصلہ کن اقدامات کرنے میں ناکام رہے تو کورونا وائرس کی وباء شدت اختیار کر لے گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانم نے جنیوا میں ایک بریفنگ میں کہا ہے کہ کئی ممالک کورونا وائرس کے حوالے سے غلط سمت میں جا رہے ہیں، اگر رکن ممالک نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں کمی کی تو کورونا کی وبا شدت اختیار کر لے گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو پہلے والی صورتحا ل پر آنے کیلئے ابھی بہت وقت درکار ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ کورونا کی وباء پر قابو پانے کی کوششوں کے ضمن میں رہنماؤں کے مبہم پیغامات عوامی اعتماد کوٹھیس پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کورونا وائرس کو عوام کا اولین دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعدد ممالک کی حکومتوں کے اقدامات اور شہریوں کی سرگرمیاں وائرس کی سنگینی کا اظہار نہیں کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 5 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔