پنجگور: سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک، 5 زخمی، بی ایل ایف نے ذمہ داری قبول کرلی

اسلام آباد (ش ح ط) بلوچستان کے جنوب مغربی ضلع پنجگور کے علاقے گچک میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر مسلح افراد کا جدید ہتھیاروں سے حملہ، آٹھ اہلکار ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے، کالعدم تنظیم بی ایل ایف نے ذمہ داری قبول کرلی.

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا حملے میں جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ابتدائی اطلاعات کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) کے آٹھ اہلکار ہلاک جبکہ میجر رینک افسر سمیت 5 اہلکار شدید زخمی ہو گئے حملے کے بعد مسلح حملہ آور قریبی پہاڑوں کی جانب فرار ہوگئے.

مقامی ذرائع کے مطابق مطابق حملہ پنجگور شہر سے 160 کلومیٹر دور مغرب میں گچک کے مقام پر ہوا جوکہ ضلع آواران کی سرحد کے قریب پہاڑی علاقہ ہے

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری، لیویز فورس اور ریسکیو اہلکاروں سمیت موقع پر پہنچ گئے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جسکے بعد انہیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے.

دوسری جانب پاکستانی ملٹری میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی جب اسے نشانہ بنایا گیا حملے میں سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے زخمیوں میں ایک افسر بھی شامل ہے.

ملٹری میڈیا ونگ کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ کینٹ منتقل کر دیا گیا جہاں افسر سمیت پانچ اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے.

حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا آخری اطلاعات تک علاقے میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری تھا تاہم اس حوالے سے کوئی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی.

علاوہ ازیں کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 20 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ان میں ایک کرنل رینک کا افسر بھی شامل ہے.

کالعدم تنظیم کے ترجمان کے مطابق حملے کی ویڈیو بھی بنائی گئی ہے جوکہ جلد جاری کی جائے گی.

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں