کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، براس کے 6 دہشت گرد گرفتار

کراچی + اسلام آباد (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی حکومت کراچی میں پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم (براس) بی آر اے ایس کے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ کالعدم بی آر اے ایس کے 6 دہشت گرد گرفتار کیے ہیں،یہ ہی کالعدم تنظیم پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں ملوث تھی۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، گرفتار دہشت گرد اہم تنصیبات پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔

فدا حسین نے بتایا کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے بعد اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا، حملے میں ملوث دہشت گرد بھارتی ایجنسی را سے تربیت یافتہ تھے، گرفتار دہشت گردوں کو بھی را نے تربیت دے رکھی ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را دہشت گردی کے منصوبے بنا رہی ہے، سیکیورٹی اداروں اور پولیس کو ٹارگٹ کرنا ان کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں سے آوان بم، بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین جانوری کا پریس کانفرنس میں مزید کہنا تھا گرفتار ملزمان شیر خان، کریم بخش، دلشاد، موران خان عرف مولو، در خان عرف ناری اور امیر بخش عرف نری کا تعلق علیحدگی پسند تنظیم براس سے ہے۔

فدا حسین نے کہا کہ کالعدم بی آر اے ایس کا نیٹ ورک افغانستان سے بھی چلایا جا رہا ہے، گروہ بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث ہے، دہشت گردوں کو خفیہ اطلاع پر کل گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے چھ آوان لانچر، آوان بم، تین کلاشنیکوف، 5 دستی بم، کلاشنکوف کی ایک ہزار گولیاں اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ کالعدم بی آر اے ایس کی حمایت، تربیت اور فنڈنگ بھارتی ایجنسی را کرتی ہے، کالعدم بی آر اے ایس ایک قسم کا سلیپر سیل ہے جو را چلاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور لیویز کی چوکیوں پر حملوں کی کارروائی میں بھی ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں چار کالعدم تنظیموں کے اتحاد (براس) بلوچ راجی آجوئی سنگر میں بلوچ لبریشن آرمی، بلوچ لبریشن فرنٹ، بلوچ ریپبلکن گارڈز اور بلوچ ریبلکن آرمی شامل ہیں۔

براس ایک ایسی کالعدم تنظیم ہے جو دیگر بلوچ عیلحدگی پسند تنظیم کے کارندوں/سہولت کاروں کو بھی پناہ دیتی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں