اسلام آباد/پاراچنار(ش ح ط/محمد صادق) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے مرکزی شہر پاراچنار میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔
پارا چنار کے طوری بازار میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ اطراف میں موجود گاڑیوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے جائے حادثہ کو سیل کر دیا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور مشکوک افراد کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
البتہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد سبزی کے ٹھیلے کے نیچے چھپایا گیا تھا۔
پاراچنار ہسپتال کے ڈی ایم ایس قیصر عباس کے مطابق ایک خاتون اور بچے سمیت سترہ زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں جن میں دو کی حالت نازک ہے اور ایک زخمی کو پشاور بھجوا دیا گیا دھماکے میں زخمی حر حسین اور دیگر زخمیوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ خریداری میں مصروف تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد انہیں خبر نہیں رہی کہ کیا ہوا ہوش میں آیا تو ہسپتال میں خود کو پایا۔
ڈی ایس پی نجف کا کہنا ہے کہ دھماکہ آئی ڈی کے ذریعے کیا گیا اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے ڈپٹی کمشنر شاہ فہد کا کہنا ہے کہ دھماکے کے حوالے سے اعلی سطحی تحقیقات کی جائے گی۔
دھماکے کے بعد شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے دھماکے کے خلاف پاراچنار پریس کلب کے سامنے مین روڈ بند کرکے دھرنا شروع کردیا ہے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنما زاہد حسین اور شفیق حسین مطہری نے کہا کہ بار بار پاراچنار شہر دھماکے ہورہے ہیں جس کے بعد ہم احتجاج کرتے ہیں اور دھرنے دیتے ہیں اور ہماری زندگی دھماکوں دھرنوں اور احتجاج میں گزر رہی ہے، کیا دھماکے روکنا انتظامیہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری نہیں۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں دھماکے روکنے کے لئے اقدامات اٹھائیں ایم این اے ساجد طوری کا کہنا ہے کہ عوام اور پاک فوج کے درمیان پاراچنار میں باہمی ہم آہنگی تھی اس فضا کو خراب کرنے کے لئے دہشت گردوں نے یہ دھماکہ کیا ہے اس دھماکے کی فوری تحقیقات اور ملوث عناصر کی نشاندہی کی ضرورت ہے دھماکے کے بعد شہر میں خوف کی فضا ہے اور شہر کے تمام مارکیٹیں بھی بند ہوگئے ہیں
اس سے قبل 22 جون کو بھی پاراچنار کے عیدگاہ مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے تھے