واشنگٹن (ڈیلی اردو/وائس آف ایشیا) امریکا نے چین کیخلاف تازہ کارروائی میں تین چینی شہریوں کو گرفتار کر لیا، ان پر ویزا فراڈ اور چینی افواج کے ساتھ منسلک ہونے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک تین افراد زیر حراست ہیں اور ایف بی آئی چوتھے چینی باشندے کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، امریکی اداروں نے مزید 25 چینی افراد سے پوچھ گچھ بھی کی ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی چین کی مسلح افواج کے ساتھ غیر اعلانیہ وابستگی ہے۔
امریکہ کی جانب سے ہوسٹن شہر میں چینی قونصل خانہ بند کر دیا گیا، اب چینی شہریوں کے خلاف تازہ کارروائی اس وقت سامنے آئی جب چند روز قبل ہی امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ امریکا پورے ایشیا میں اپنی فورسز کو تیار کر رہا ہے اور ان کی از سر نو تعیناتی عمل میں لا رہا ہے تا کہ چین کے ساتھ ممکنہ مقابلے کے لیے تیار ہوا جا سکے۔
ادھر چین کے ساتھ کشیدگی کے دوران امریکا اور بھارتی بحریہ کی مشترکہ فوجی مشقیں بھی کی گئی ہیں، یہ مشق جزیرہ انڈمان اور نکوبار کے قریب کی گئیں جہاں بھارتی بحریہ کا مشرقی بیڑہ پہلے سے ہی تعینات ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ، روس کے ساتھ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد اب چین کو اپنا نیا حریف سمجھتا ہے، اس لئے امریکہ کی جانب سے چین کے خلاف اکثر ایسی کارروائیاں سامنے آتی رہتی ہیں جن کو چین اشتعال انگیز کارروائیاں قرار دیتا ہے۔
امریکہ کی جانب سے اپنے قونصل خانے کو بند کرنے کے جواب میں چین نے بھی چنگدو شہر میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔