اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے سرحدی علاقے میں بارودی سرنگوں کے دو دھماکوں میں سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں پاک افغان سرحدی علاقہ کوٹ راغہ میں اسد شہید چیک پوسٹ کے قریب یکے بعد دیگر بارودی سرنگوں کے دو دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار نائک ظفر اللہ، نائک اظہر اقبال اور ابراہیم زخمی ہوگئے۔ بارودی سرنگوں کو کچے راستوں میں چھپایا گیا تھا اور ایف سی اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔
زخمی اہلکاروں کو پاراچنار میں طبی امداد دینے کے بعد سی ایم ایچ ٹل منتقل کردیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ دھماکوں میں ایف سی کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے۔