اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزارت مذہبی امور نے عراق، ایران میں زیارات پالیسی مرتب کر کے کابینہ سے منظوری کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا۔
کربلا معلی، نجف اشرف، بغداد شریف، مشہد اور دیگر مقدس زیارات پر جانے والے زائرین کیلئے فول پروف پالیسی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت صرف رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز ہی زیارات پر بھجوا سکیں گے جبکہ زائرین کی باقاعدہ انشورنش بھی کی جائیگی اور زائرین کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق پالیسی منظور ہونے کی صورت میں ایران و عراق میں دفاتر بنائے جائیں گے جہاں زائرین کو رہنمائی فراہم کی جائیگی اور زیارات پر جانے والوں کو پاکستانی پرچم کی صورت میں شناختی لاکٹ دیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق بذریعہ سڑک جانے والے زائرین کو پاکستان میں سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ پاکستان سمیت ایران اور عراق میں رہائش گاہیں بھی دی جائیں گی۔ زائرین کو ٹرانسپورٹ اور کھانے کی فراہمی بھی ٹور آپریٹرز کے ذمہ ہوگی، کسی بھی حادثے کی صورت میں مالی معاوضہ دیا جائیگا، پالیسی منظور ہونے کے بعد ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن کی جائیگی اور زائرین کی شکایات کا ازالہ کیا جائیگا، شکایات کی صورت میں ٹور آپریٹرز کو جرمانہ بھی کیا جاسکے گا۔