لاہور میں تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد

اسلام آباد (ش ح ط) لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹ برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے صوبہ پنجاب کے صوبائی حکومت لاہور میں دہشت گرد کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹ، دستی بم اور بارودی سامان برآمد کرلیا، دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ریلوے اسٹیشن لاہور کے قریب بارودی مواد سمیت خودکش حملہ آور کے انتظار میں تھا، دہشت گردوں نے حساس دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خودکش حملہ آور کے آنے سے قبل ہی دہشت گرد لیاقت خان کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد کو مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا، اور دہشت گرد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور دہشت گردوں کا ہدف شہر لاہور میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی تھی۔

واضح رہے کہ سن 2015 میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان اندرونی اختلافات کی وجہ سے مختلف دھڑے بندی کا شکار ہو گئی تھی لیکن اب ایک مرتبہ پھر یہ تنظیم یکجا ہو کر دو روز قبل (پیر) کو باقاعدہ طور پر جماعت الاحرار اور حزب الاحرار نے تحریک میں ضم ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سے قبل کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی نے بھی باقاعدہ طور پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان میں ضم ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں