غزہ (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کی طرف سے داغے تین میزائل مار گرانے کا دعوٰی کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی شام کو غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی کالونیوں پر تین میزائل داغے جنہیں آئرن ڈوم نظام کی مدد سے مار گرایا گیا۔
قبل ازیں عبرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ غزہ کے قریب کیسوفیم اور العین کے مقامات پر فلسطینیوں کے میزائل حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ میں داغے دو میزائل سرحد کے قریب گرے تاہم ان کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں گذشتہ دو ہفتوں سے سرحد پر سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے جواب میں فلسطینی مجاہدین جوابی کارروائی کےطور پر میزائلوں سے حملے کررہے ہیں۔